ہندوستان میں غریبوں اور پسماندہ طبقہ کی خدمات کرکے اپنی شناخت بنانے والی نوبل انعام یافتہ رومن کیتھولک راہبہ مدر ٹریسا کو آج ویٹیکن سٹی میں منعقدہ مذہبی تقریب میں سینٹ کا درجہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر ہندوستان سے وزیر خارجہ سشما سوراج ، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال سمیت سینکروں افراد موجود ہوں گے۔ سینٹ پیٹرس اسکوائر میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں تقریبا ایک لاکھ لوگوں کی موجودگی میں پوپ فرانسس مدر ٹریسا کو اس درجہ سے نوازیں گے، جہاں روم اور ویٹی کن سٹی کی سڑکوں پر لوگ مدر ٹریسا کی تصاویر کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔
سال 1950 میں مشنریز آف چیریٹی قائم کرنے والی مدر ٹریسا کی پیدائش 26 اگست 1910 کو ایک البانیائي خاندان میں جمہوریہ مقدونیہ کے سوپچے قصبے (اس وقت کے اسقف، عثمانی سلطنت) میں ہوا تھا۔کولکاتہ میں قائم مشنریز آف چیریٹی کے ساتھ دنیا بھر میں تین ہزار سے زیادہ راہبہ جڑی ہوئی ہیں۔ مدر ٹریسا نے کئی آشرم، غریبوں لئے باورچی خانے، اسکول، جذام کے مریضوں کی بستیاں اور یتیم بچوں کے لئے یتیم خانے بنوائے۔