نئی دہلی : کمپیوٹر اور موبائل کیلئے مودی حکومت سب کو مفت اینٹی وائرس دے گی۔ ڈیجیٹل انڈیا کے خواب کو شرمند تعبیر کرنے کے لئے حکومت نے ایک اور قدم بڑھایا ہے۔ اس مرتبہ حکومت نے سائبر سیکورٹی کی سمت میں بڑی پہل کی ہے۔مرکزی حکومت نے ملک میں سائبر سیکورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک سائبر سیکورٹی مرکز کی شروعات کی ہے۔ اس کے تحت عام لوگوں کو کمپیوٹر اور اسمارٹ فونز کے لئے اینٹی وائرس مفت فراہم کرایا جائے گا۔
اطلاعات و ٹیکنالوجی کی وزارت نے منگل (21 فروری) کو ایک سینٹر شروع کیا ، جو ملک میں کمپیوٹرز اور موبائل فونز کے لیے اینٹی وائرس کی سہولت فراہم کرائے گا۔ منصوبے پر اگلے پانچ سال میں 90 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
باٹ نیڈ اینڈ میلویئر اینالیسس سینٹر شروع کرتے ہوئے اطلاعات و ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ ‘ میں نے انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والوں پر زور دینا چاہوں گا کہ وہ اپنے صارفین کی اس مہم سے جڑنے کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔ یہ ایک مفت سروس ہے۔ صارفین آئیں اور اس سروس کا فائدہ اٹھائیں ۔
‘سائبر سیکورٹی سینٹر کے نام سے شروع کی گئی اس سروس کے تحت ملک میں سائبر سیکورٹی کی نگرانی کرنے والے ادارے کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم متاثر ہ کمپیوٹر اور موبائل کا ڈاٹا جمع کرے گی اور انہیں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس اور بینکوں کے پاس بھیجے گی۔
انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر اور بینک صارف کی شناخت کرے گا اور انہیں اس سینٹر کا ایک لنک بھیجے گا ، جس کی مدد سے وہ اس سروس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس لنک کے ذریعے صارف اینٹی وائرس کو اپنے متاثرہ کمپیوٹر یا موبل کو صحیح کرنے کے لئے ڈاؤن لوڈ کر سکے گا۔
کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس کے ڈائریکٹر جنرل سنجے بہل نے بتایا کہ اس اسکیم پر اگلے پانچ سال میں 90 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا ۔ ابھی 58 انٹرنیٹ سروسز پرووائیڈرس اور 13 بینک اس سروس کا استعمال کررہے ہیں۔