اسلام ٹائمز: رپورٹ کے مطابق شناختی کارڈز بلاک ہونے کے بعد اب یہ افراد زمینوں کی خرید و فروخت اور بنکوں کی سہولیات استعمال کرنے سے محروم ہو گئے ہیں، شناختی کارڈز بلاک ہونے پر فورتھ شیڈول میں شامل مشتبہ افراد کی پاکستانی شہریت بھی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
اسلام ٹائمز۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی میں ملوث ہونے یا دہشتگردوں کو سہولت کاری فراہم کرنے کے شبہ میں نادرا نے اسلام آباد کی مشہور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز، کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی، ممتاز شیعہ عالم دین مولانا محسن نجفی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی اور مقصود ڈومکی سمیت متعدد اہم مذہبی شخصیات اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے ہیں جس سے ان کی پاکستانی شہریت عارضی طور پر معطل ہو گئی ہے۔ حکومت نے ’’فورتھ شیڈول‘‘ میں شامل 2021 افراد کے قومی شناختی کارڈ نمبر بلاک کر دیئے ہیں، نیکٹا نے نادرا کو ان افراد کے نام اور شناختی کارڈ نمبرز اور دیگر تفصیلات ارسال کر دی ہیں۔ شناختی کارڈز معطل ہونیوالے افراد میں نمایاں شخصیات میں لال مسجد اسلام آباد کے خطیب مولانا عبدالعزیز، ممتاز شیعہ عالم دین علامہ محسن نجفی، کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی، کالعدم سپاہ صحابہ کے ہی مولانا اورنگزیب فاروقی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ امین شہیدی، علامہ مقصود ڈومکی، کالعدم سپاہ صحابہ کے پریال شاہ، سپاہ صحابہ کے ہی مولوی کبیر، تحریک جعفریہ کے علامہ سبطین شیرازی، تحریک جعفریہ پاکستان کے مرزا علی، لشکر جھنگوی کے رمضان مینگل، تحریک جعفریہ پاکستان کے علامہ نیئر عباس اور لیاری امن کمیٹی کے شاہد بکیک کے نام شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شناختی کارڈز بلاک ہونے کے بعد اب یہ افراد زمینوں کی خرید و فروخت اور بنکوں کی سہولیات استعمال کرنے سے محروم ہو گئے ہیں، شناختی کارڈز بلاک ہونے پر فورتھ شیڈول میں شامل مشتبہ افراد کی پاکستانی شہریت بھی عارضی طور پر معطل رہے گی۔