جبل پور : مدھیہ پردیش میں اسلحہ فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگی جس میں 20 افراد زخمی ہو گئے۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں واقع اسلحہ فیکٹری میں ہفتہ کو شدید آگ لگ گئی۔ فیکٹری میں ایک کے بعد ایک مسلسل کئی دھماکے ہوئے، جس میں 20 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اس اسلحہ فیکٹری میں فوج کے لئے گولہ بارود بنائے جاتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ 125 ایم ایم سافٹ کور اینٹی ٹینک بم کی منتقلی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام فیکٹری کے ایف سیکشن میں اچانک دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت یہاں بہت بارود اکٹھا کرکے رکھا گیا تھا، جس میں 100 سے زیادہ دھماکے کی آواز ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سیکشن میں بنی دو فیکٹریاں مکمل طور جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔
حادثے کے سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے ضلع کلکٹر مہیش چندر چودھری نے بتایا کہ اسلحہ فیکٹری کے ایف -3 سیکشن میں بھاری مقدار میں کارتوس میں بھرا جانے والا بارود رکھا ہوا تھا، جس میں ہفتے کی شام 6.20 بجے آگ لگ گئی۔ 50 فائر کی گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ آگ پر تقریبا قابو پا لیا گیا ہے اور حادثہ کی اعلی سطحی جانچ کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ کارگل جنگ کے دوران اسی اسلحہ فیکٹری سے براہ راست کارگل کے لئے بم ایئر لفٹ کرکے بھیجے گئے تھے۔