نئی دہلی۔ رامجس کالج تنازعہ پر اب دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ملک مخالف نعرے لگانے کا الزام اے بی وی پی اور بی جے پی پر عائد کیا ہے۔ ساتھ ہی وہ اے بی وی پی کے خلاف کارروائی کو لے کر لیفٹیننٹ گورنر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایک ٹویٹ میں کیجریوال نے کہا ‘یہ ملک مخالف نعرے اے بی وی پی / بی جے پی والے خود ہی لگواتے ہیں۔ ‘ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ وہ رامجس واقعہ پر لیفٹننٹ گورنر انل بیجال سے ملاقات کریں گے اور ان سے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی ’غنڈہ گردی‘ اور گرمہر کور کو ریپ کی دھمکیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کریں گے۔
دہلی کے وزیراعلی نے ٹوئیٹ کیا ’’میں ڈھائی بجے سہ پہر ایل جی سے ملوں گا اور مطالبہ کروں گا کہ اے بی وی پی کی غنڈہ گردی اور گرمہر کو عصمت دری کی دھمکیوں کے خلاف کارروائی کریں‘‘۔ کل گرگل کے شہید کی بیٹی کے معاملہ پر قومی راجدھانی میں سیاسی ماحول گرما گیا تھا۔
اپوزیشن نے متحد ہوکر حکمراں جماعت کو نشانہ بنایا اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ گرمہر نے الزام لگایا ہے کہ انہیں رامجس کالج میں تشدد کے خلاف مہم چلانے کی وجہ سے ریپ کی دھمکی دی گئی ہے۔ یہ سارا جھگڑا جے این یو کے دو لیڈروں کو کالج کے سیمینار میں بولنے کے لئے مدعو کرنے پر ہوا تھا۔ پچھلے ہفتہ اے بی وی پی کے احتجاج کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا تھا۔