مظفرنگر: کیرانہ میں چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کے بعد دو فرقوں کے درمیان جھڑپ میں دو خواتین سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ شاملی ضلع کے کیرانہ میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کو لے کر دو فرقوں کے درمیان جھڑپ میں دو خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ۔تھانہ انچارج امیش سنگھ کے مطابق کیرانہ پولیس تھانہ علاقے کے تحت پاتی گاؤں میں ایک شادی کی تقریب کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک خاص فرقہ کے کچھ لوگوں نے مبینہ طور پر دوسرے فرقہ کی ایک خاتون کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کر دیا ، جس کی وجہ سے یہ تنازع پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں فرقوں کے لوگوں نے ایک دوسرے پر پتھر پھینکنے شروع کر دیئے۔ پتھراؤ میں دو خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی ہے ، جس کی وجہ سے کثیر تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔