کلکتہ۔ مشہور صحافی برکھا دت اور رویش کمار کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کا ہیک ہونا آواز کو خاموش کرنا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ملک کے مشہور صحافی برکھا دت اور رویش کمار کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے پر وزیر اعظم مودی کے ڈیجیٹل انڈیا کی مہم پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھمکی اور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کا حصہ ہے اور اس کے ساتھ ڈیجٹیل انڈیا کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔
ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشہور صحافی کے اکاؤنٹ اور بینک کی تفصیلات کا ہیک ہونا عوام کے حق میں نہیں ہے ۔ یہ ذاتی آزادی پر حملہ ہے اور انتقام اور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش ہے ۔
حالیہ دنوں میں مشہور صحافی رویش کمار، برکھا دت کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اور ملک سے فرار صنعت کار وجے مالیہ کا ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا ۔ ممتا بنرجی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ رویش کمار اور برکھادت کا اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکروں کے ذریعہ ان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات کو عام کردیا جانا ’’مودی بابو کے ڈیجیٹل انڈیا ‘‘ کی مہم کو بے نقاب کرتی ہے ۔