قریب تین دہائیوں تک میڈیا سے وابستہ رہنے والے شجاعت بخاری کو جمعرات کی شام نامعلوم بندوق برداروں نے پریس کالونی سری نگر میں اپنے دفتر کے باہر نذدیک سے گولیوں کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔ حملے میں ان کے دو ذاتی محافظوں کو بھی قتل کیا گیا۔
شجاعت بخاری گذشتہ قریب دو دہائیوں سے سری نگر کے مضافاتی علاقہ میں مقیم تھے ۔ تاہم ان کے خاندان نے انہیں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کرنے کا فیصلہ لیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شجاعت کی میت کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جمعرات کی رات دیر گئے پولیس کنٹرول روم کشمیرسے ان کے آبائی گھر کریری منتقل کیا گیا جہاں جمعہ کو دوپہر کے وقت انہیں سپرد لحد کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ کریری میں واقع حاجی مراد بخاری (رح)کے آستان شریف سے ملحقہ وسیع و عریض میدان میں پڑھی گئی۔