کم پڑیں لکڑیاں تو نصف جلی لاش کو کاٹا گیا
جے پور : جموں و کشمیر میں دہشت گردوں سے تصادم میں شہید رمیش چودھری کے جسد خاکی کی توہین کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ راجستھان کے سروہی میں شہید کی آخری رسومات کے لئے انتظامیہ نے محض خانہ پری کر دی ۔ آخری رسوم میں لکڑیاں کم پڑ گئیں تو جسد خاکی کے ٹکڑے کر کے چتا میں جلانے کی کوشش کی گئی ۔ شہید رمیش کمار چودھری کا ترنگے میں لپٹا جسم خاکی جب سروہی کے ناگائی گاؤں پہنچا ، تب ہر کسی کی آنکھیں نم تھیں ۔ شہید کے گھر والوں کا رو رو کر برا حال تھا ۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں اس جانباز کوالوداع کہنے کیلئے پہنچے تھے ، لیکن آخری رسوم کے دوران راجستھان حکومت کے نمائندوں نے جو کیا ، اس نے شہید کی شہادت کو شرمسار کر دیا ۔ جس جوان نے ملک پر اپنی جان لٹا دی ، اس کی آخری رسوم میں سرکاری اعزاز کے نام پر صرف خانہ پری ہی کی گئی ۔ شہید کی آخری رسوم کی ادائیکی کے دوران لکڑیاں کم پڑ گئیں ، اس کے بعد اس کی نصف جلی لاش کو کاٹ کر آگ میں جلانے کی کوشش کی گئی ۔ یہ منظر دل کو چھلنی کر دینے والا تھا ۔ آخری رسوم میں موجود لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے ۔
ادھر کانگریسی لیڈر سچن پائلٹ نے اس پورے معاملے کی جانچ اور حکومت کی نمائندگی کرنے پہنچے افسروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ وسندھرا حکومت کو رسوائی سے بچانے کے لئے سامنے آئی بی جے پی نے پورے معاملہ کی رپورٹ منگوانے کی بات کہی ہے ۔ راجستھان بی جے پی صدر اشوک نے کہا کہ ہم نے پورے معاملہ کی رپورٹ منگوائی ہے ۔ اگر توہین ہوئی ہے ، تو قصورواروں کو معافی نہیں ملے گی ۔