نئی دہلی۔ ذاکر نائیک کے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن پر غیرملکی امداد لینے پر روک لگے گی۔ معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن پر غیر ملکی چندے وصول کرنے پر روک لگائی جا رہی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے فاونڈیشن کو نوٹس جاری کر کے اس کے ایف سی آر اے لائسنس کو منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے ذاکر نائیک کی ایک اور این جی او آئی آر ایف ایجوکیشنل ٹرسٹ کو بھی پیشگی اجازت لینے کے درجہ میں رکھنے کا پراسیس شروع کردیا ہے ۔ اس کے تحت اسے بیرونی چندہ لینے کے لئے وزارت داخلہ سے اجازت لینی ہو گی۔
وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ ایف سی آر اے لائسنس کی منسوخی کے لئے ہم نے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن کو پیر کے روز نوٹس بھیج دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے ذاکر نائیک کے فاونڈیشن کو بند کرنے کے سلسلہ میں ایک مسودہ تیار کیا جا رہا ہے جسے کابینہ کی میٹنگ میں پیش کیا جائے گا۔ یہ مسودہ مہاراشٹر پولیس کے ان پٹ پر مبنی ہو گا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جولائی میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کو انجام دینے والے ڈاکٹر نائک کی تقریروں سے متاثر بتائے جا رہے تھے۔ اس کے بعد سے ہی نائیک کے خلاف ہندوستان میں جانچ شروع کر دی گئی تھی۔