نئی دہلی۔ انکم ٹیک محکمہ نوٹ بندی کے بعد بینک کھاتوں میں پانچ لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کرانے والے ایسے 18 لاکھ لوگوں کی شناخت کی گئی ہے جن کا نقد لین دین انکے انکم ٹیکس کے حساب کتاب سے میل نہیں کھارہا ہے۔ ایسے لوگوں کو 10 روز کے اندر الیکٹرانک تصدیق نامہ پیش کرنا ہو گا ورنہ انکے کھاتے سیل کردیئے جائیں گے۔
ریونیو سیکریٹری ہنس لکھ ادھیا اور مرکزی براہ راست ٹیکس بورڈ (سی بی ڈی ٹی) کے صدر سوشیل چند نے آج یہاں اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی۔ مسٹر ادھیا نے کہا کہ نو نومبر سے 30 دسمبر کے درمیان بنک کھاتوں میں جمع کرائی گئی نقد رقم کا ای سرٹیفائی کہا جارہا ہے اور اس کے لئے سی بی ڈی ٹی نے اپنی سطح پر ایک سافٹ ویئر تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے اس سافٹ وئر پر ہی صاف ستھری دولت مہم شروع کی ہے۔ اسی کے تحت نوٹ بندی کے دوران جمع نقد رقم کی شناخت کی جارہی ہے ۔ ا س کے تحت ٹیکس دہندگان کی انکم ٹیکس رٹرن اور نقد لین دین کا پلان کیا جارہا ہے اور اسی کی بنیاد پر زیادہ رقوم جمع کرانے والوں کو شناخت کرکے الگ کیا جارہا ہے ۔
چندرا نے بتایا کہ دو کروڑ سے زیادہ کھاتوں میں غیرمعمولی رقومات جمع ہو ئی ہیں لیکن پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ روپے سے زیادہ رقم جمع کرانے والوں کو ہی ای سرٹیفائی کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد تین سے پانچ لاکھ روپے جمع کرانے والوں کی ای تصدیق کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لئے آن لائن رٹرن بھرنے والے پورٹل پر ہی لاگ اِن کرنا ہوگا اور وہاں پر تفصیلی معلومات دینی ہوگی جو براہ راست انکم ٹیکس افسر کے پاس جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن کے اندر جو لوگ ای سرٹیفائی نہیں کر پائیں گے تو ریزرو بینک کے ضابطے کے مطابق ان کے کھاتے سیل کردیئے جائیں گے ۔
اس میں مدد کے لئے ایک ہیلپ لائن نمبر 1800 42500025 شروع کیا گیا ہے جس پر فون کرکے اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پین کارڈ والے لوگ پورٹل کے کمپلائنس سیکشن میں کیش لین دین 2016 لنک استعمال کرکے اس حوالے سےمعلومات دیکھ سکتے ہیں۔ ٹیکس دہندہ انکم ٹیکس کے دفتر جائے بغیر آن لائن تصدیق نامہ داخل کر سکتے ہیں۔
مسٹر چندرا نے کہا کہ مشکوک کھاتوں کی جانچ کے لئے ڈاٹا کا تجزیہ کیا جارہا ہے ۔ اگر معاملوں کو جانچ کے لئے چن لیا جاتا ہے تو اضافی معلومات اور اس پر جواب دینے کے لئے الیکٹرانک پیغام دیئے جائیں گے جو ای میل ایس ایم ایس ہوسکتا ہے۔
موصولہ اطلاع کی بنیاد پر ٹیکس دہندہ کے جواب کا تجزیہ کیا جائے گا اور اگر نقد کے وسیلہ کو جائز پایا جائے گا تو اس شخص کو انکم ٹیکس کے دفتر آنے کے ضرورت نہیں ہوگی اور جانچ بند کردی جائے گی۔ اگر وزیر اعظم ’غریب کلیان‘ منصوبہ کے تحت نقد جمع کا اعلان کیا جاتا ہے تو بھی جانچ کو بند کردیا جائے گا۔