نئی دہلی۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے ایگزٹ پول مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اکثریت کا پورا بھروسہ ہے۔ مختلف نیوز چینلز کی طرف سے کئے گئے ایگزٹ پول میں اتراکھنڈ میں کانگریس کی کارکردگی اچھی نہیں رہنے کا امکان ظاہر کئے جانے کے باوجود ریاست کے وزیر اعلی ہریش راوت نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کانگریس اسمبلی کی 70 نشستوں میں سے 35 سیٹوں پر جیت درج کرے گی۔
مسٹر راوت نے نیوز 18 کو دیئے خصوصی انٹرویو میں کہا، ‘ایگزٹ پول پہلے بھی غلط ثابت ہوئے ہیں۔ یہاں کا تجزیہ کرنا مشکل ہے۔ پہاڑوں کے معاملے الگ ہوتے ہیں۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ 42 سیٹیں لے کر آئیں گے۔ ایک دو سیٹ بھلے ہی ادھر ادھر ہو جائے۔ انہوں نے کہا، “مجھے امید ہے کہ ہم آدھی سیٹوں پر جیت درج کریں گے۔ ہم ریاست میں حکومت بنانے کے لئے درکار سیٹیں حاصل کریں گے۔ “
اتراکھنڈ کی 70 نشستوں میں سے چانکیہ کے ایگزٹ پول میں بی جے پی کو 53، کانگریس کو 15 اور دیگر کو دو سیٹ دی گئی ہیں۔ ایم آرسي نیوز ایکس نے بی جے پی کو 38، کانگریس کو 30 اور دیگر کو دو سیٹیں دی ہیں۔ سی ووٹر نے بی جے پی کو 29 سے 35، کانگریس کو بھی 29 سے 35 اور دیگر کو دو سے نو سیٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے بی جے پی کو 46 سے 53، کانگریس کو 12 سے 21 اور دیگر کو 2 سے 6 نشستیں دی ہیں۔ پیس میڈیا کے مطابق بی جے پی کو 33، کانگریس کو 30 اور دیگر کو 7 نشستیں مل رہی ہیں۔