نئی دہلی : حافظ سعید کے بھائی نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے دبائو میں جھک گیا ہے۔ دہشت گردی کے سرغنہ اور ہندوستان کے مجرم حافظ سعید کو پاکستان نے نظربند کر رکھا ہے، لیکن اب اس بات کی حقیقت سامنے آ گئی ہے کہ پاکستان نے کس کے دباؤ یا خوف کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا تھا۔نیوز 18 انڈیا سے خصوصی بات چیت میں خود حافظ سعید کے بھائی نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کے دباؤ میں مجبور ہو کر پاکستان نے حافظ سعید کو نظربند کیا ہے۔ بھائی حافظ مسعود نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں پر آئی ایس آئی کا ہاتھ ہے۔
نیوز 18 انڈیا سے خاص بات چیت میں حافظ سعید کے بڑے بھائی حافظ مسعود نے اعتراف کیا کہ حکومت پاکستان حافظ کے خلاف جو کچھ بھی کر رہی ہے ، وہ صرف ہندوستان کے دباؤ میں کر رہی ہے۔ حافظ مسعود کے مطابق وہ خود حافظ سعید سے اب تک نہیں مل سکا ہے۔ خیال رہے کہ مسعود جماعت الدعوة کا ترجمان ہے۔ وہ تقریبا 30 سال امریکہ میں رہ چکا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس کے پاس امریکہ کی یونیورسٹی کی ڈگری بھی ہے۔
حافظ سعید کے بڑے بھائی نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی بات کی بھی قلعی کھول دی ۔ اس نے بتایا کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیمیں حکومت سے زیادہ طاقتور ہیں۔ مسعود کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں پر آئی ایس آئی کا ہاتھ ہے اور پاکستان حکومت آئی ایس آئی کے سامنے بے بس ہے۔
تاہم حافظ سعید کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئے جانے پر اس کا بھائی بے حد ناراض ہوگیا ۔ اس کے لئے اس نے اقوام متحدہ کے خلاف بھی آگ اگلا ۔ مسعود کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی بین کئے جانے والی لسٹ کو لے کر ہندوستان نے امریکہ کا استعمال کیا ہے۔
بہر حال حافظ مسعود کے اس انکشافات سے یہ صاف ظاہر ہے کہ پاکستان نے حافظ سعید کے خلاف اب تک جو کارروائی کی ہے ، وہ صرف دباؤ میں کی ہے۔ ایسے میں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دباؤ کم ہونے پر وہ پہلے کی طرح پھر حافظ سعید کو رہا کر سکتا ہے۔