رانچی : مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریوں کے لئے مولانا آزاد ریسرچ سینٹر نے مفت کوچنگ کا منصوبہ بنایا ہے۔ وقت کی سب سے اہم ضرورت نوجوانوں کا زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ ہونا ہے۔ اگرملک اور قوم کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیت اور موقع کے مطابق رہنمائی کی جائے اور تیاری کرائی جائے ، تو مقابلہ جاتی امتحانات میں اس کے کافی بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
اسی لیے ہمارا اس پر سب سے زیادہ زور ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد ریسرچ سینٹرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر منظر حسین نے کیا ۔
رانچی کے مورہ آبادی نامی علاقہ میں واقع مولانا آزاد ریسرچ سینٹر میں مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے طلبا و طالبات کو مفت کوچنگ دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ سینٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منظر حسین نے اپنی ذاتی کوششوں سے کوچنگ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس مقصد کے تحت طلبا وطالبات نے داخلہ لینا بھی شروع کردیا ہے۔
سینٹر میں مولانا ابوالکلام آزاد کے حیات و خدمات پر تحقیق کے علاوہ مفت کوچنگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مفت کوچنگ کی سہولت پر طلبہ وطالبات نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سینٹر کا افتتاح دو سال قبل گورنر سید احمد کے ہاتھوں کیا گیا تھا ۔