ممتا کابینہ کی منظوری، اسمبلی اجلاس میں 26 کو رضا مندی
کلکتہ : ملک میں شہروں کے نام کو تبدیل کرنے کی روایات کوئی نئی نہیں ہے ۔ کلکتہ شہر کانام بدل کر کولکاتا کیے جانے کے بعد اب مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے اعلان کیا ہے کہ مغربی بنگال کا نام بنگالی میں بنگلا یا بونگو ہوگا اور انگریزی میں صرف بنگال ہوگا ۔ کابینہ نے اس تجویز کو منظور کرلیا ہے اور اس کیلئے 26 اگست کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے بعد اس تجویز کو منظوری کیلئے مرکز اور پارلیمنٹ کو بھیجا جائے گا۔
کئی دہائیوں کے بعد شمالی مشرقی ریاستوں میں سے کسی ریاست کا نام ہی تبدیل کیا جارہا ہے ۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے کہا کہ اس سے قبل اسپیکر بمان بنرجی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اس پرغور کرے گی اور اس کیلئے 26اگست کو اسمبلی کا خصوصی سیشن بھی بلایا جائے گا ۔
کلکتہ کا نام بدل کر کولکاتا 2001میں سابق وزیر اعلیٰ بدھا دیب بھٹا چاریہ کی قیادت والی بایا محاذ حکومت نے کی تھی ۔ سینئر بیورکریٹ اور بنگال کے سیاست دانوں کی شکایت تھی کہ دیلی میں ہونے والی میٹنگ میں ریاستوں کا نام حروف کی ترتیب کے اعتباد سے بلایاجاتا ہے اس کی وجہ سے مغربی بنگال جو انگریزی میں ویسٹ بنگال ہے کو بالکل آخری میں بلایا جاتا ہے اس کی وجہ سے اسے کم موقع ملتا ہے ۔
پارتھو چٹرجی نے کہا کہ اگر ریاست کا نام بدل دیا جاتا ہے یہ پریشانی ختم ہوجائے گی اور حروف کی ترتیب کے اعتبار بنگال بالکل شروع میں پہنچ جائے گااور نام بدلے جانے کی وجہ سے ہم بنگال کے مفادات کو مزید بچا سکتے ہیں ۔ گرچہ حکومت مغربی بنگال نام بدلنے کی کوشش پر کئی سماجی شخصیتوں کی مختلف رائے ہے ۔مشہور بنگالی مصنف سرشھندو مکھو پادھیائے نے کہا کہ ہم اپنے پرانے نام کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔
انہوں نے آزادی سے قبل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بنگال کی تقسیم نہیں ہوئی تھی اس وقت صرف بنگال ہی کہا جاتا تھا ۔لہذا اب ہم پرانے نام کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔شاعر اور فلم ڈائریکٹر انندیا چٹرجی نے کہا کہ نام پر ریفرنڈم کرایا جانا چاہے کہ تاکہ معلوم ہوسکے عوام کی کیا رائے ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ کلکتہ ہائی کورٹ کا نام بدل کر کولکاتا ہائی کورٹ کیے جانے کی کلکتہ ہائی کورٹ کے تمام ، بار ایسوسی ایشن نے شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ کانام ایک تاریخی اور پرانی یادو ں سے وابستہ ہے ۔ 2011میں ممتا بنرجی کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی اہم سڑکوں اور میٹرو اسٹیشنوں کے نام تبدیل کردیے گئے ہیں ۔ٹالی گنج میٹرو اسٹیشن کانام ماہا نائک اتم کمار ہوگیا ۔