نئی دہلی : دہلی این سی آر سمیت پورا شمالی ہندوستان کہرے کی دبیز چادر میں لپٹا رہا۔ قومی دارالحکومت دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری سخت کہرے اور کم حد نگاہ کی وجہ سے ریلوے، سڑک اور فضائي ٹریفک پر اثر پڑا ہے۔ دہلی این سی آر میں کہرے کی وجہ سے تقریبا 90 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ چار ٹرینیں رد کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تقریبا 28 دیگر ٹرینوں کا شیڈول بدل کر منزل کے لئے روانہ کیا جا رہا ہے۔
شمالی ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ سکم مهانندا ایکسپریس، نارتھ ایسٹ ایکسپریس اور کالکا میل غیر معینہ تاخیر سے چل رہی ہے جبکہ تقریبا 90 ٹرینیں دو سے 10 گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے متعدد ٹرینیں تاخیر سے منزل کے لئے روانہ کی جا رہی ہیں جبکہ نئی دہلی اور پرانی دہلی ریلوے اسٹیشنوں سے ٹرینوں کو رد کئے جانے یا شیڈول بد ل کر چلائے جانے کی رپورٹیں آئی ہیں۔
کہرے کی وجہ سے دہلی این سی آر میں آج صبح پروازوں پر بھی اثر پڑا ہے۔ ایک بین الاقوامی اور دو گھریلو طیاروں کے تاخیر سے پرواز بھرنے کی اطلاع ہے۔ سڑک ٹریفک بھی مسلسل متاثر ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ صبح ساڑھے آٹھ بجے حد نگاہ کی سطح 300 میٹر درج کی گئي ہے۔
آج رات کے درجہ حرارت میں کمی کے باوجود صبح سردی رہی۔ کم از کم درجہ حرارت 12.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21.6 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا جو معمول سے تین ڈگری کم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل ہلکے سے درمیانے سطح کا کہرا چھایا رہے گا اور آنے والے چند دنوں تک یہی صورت حال رہنے کا امکان ہے۔