نئی دہلی ۔ دہلی حج ہاؤس کی تعمیر کے امکانات روشن نطر آ رہے ہیں۔ دہلی حج ہاؤس کی تعمیر سے متعلق حکومت دہلی کے وزیر خوراک و رسد، ماحولیات وجنگلات جناب عمران حسین کی زیر قیادت میں منعقد اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں حج ہاؤس کی تعمیر کے لیے دوارکا سیکٹر22فیز 2میں الاٹ5000اسکوائر میٹر زمین پر راجدھانی دہلی کے شایان شان تمام تر جدید ترین سہولیات پر مشتمل حج ہاؤس کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام تر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔
اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر عمران حسین ،الحاج جناب محمد اشراق خان، چیئرمین دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی و ایم ایل اے اور حج کمیٹی کے ممبران جناب نصرالدین سیفی، فیروزاحمد،ایگزکیٹو آفیسراشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نیز حج ہاؤس کی تعمیر سے متعلق محکموں کے افسران ، اسپیشل سکریٹری (مالیات)، ڈائیریکٹر پلاننگ، ایگزیکٹو انجنیئر اور شہری پلانر بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں طے ہوا کہ جلد ہی پی ڈبلیو ڈی اور حج کمیٹی کے افسران کے درمیان میٹنگ اور گفت و شنید کے ذریعے حج ہاؤس کے لیے درکار تمام تر ضروریات کے مطابق نقشے کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ضروری تجاویز حج کمیٹی کے نگراں محکمہ محصولات کو فراہم کی جائیں گی۔جس کے لیے محکمہ ضروری فنڈ کی فراہمی کرائے گا۔ وزیر موصوف نے بطور خاص تمام افسران کو تاکید کی کہ حج ہاؤس کی تعمیر سے متعلق تمام تر اقدامات جلد ازجلد مکمل کر تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔
حج ہاؤس کی تعمیر کا عمل جلد از جلد شروع کرنے کے لیے عمران حسین اور چیئرمین دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی حاجی محمد اشراق خان نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف محکموں کے ذریعے کیے جا رہے کام کا جائزہ لینے کے لیے وقت بوقت میٹنگ اور تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں 31؍جنوری2017کو تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ پہلی جائزہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
میٹنگ میں وزیر موصوف جناب عمران حسین نے یقین کا اظہار کیا کہ حکومت دہلی اور متعلقہ محکموں کی کوششوں سے دہلی میں شایان شان حج ہاؤس کی تعمیر کا خواب جلد از جلد شرمندہ تعبیر ہو گاجہاں عازمین حج کو تمام تر مطلوبہ اور معیاری خدمات و سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان نے امید ظاہر کی کہ 2018کا حج بیت اللہ نئے حج ہاؤس سے مکمل ہوگا۔