شری نگر۔ کشمیرمیں قومی یکجہتی کی انوکھی مثال قائم کرتے ہوئے پنڈتوں کے تہوارپر مسلمانوں نے مندر صاف کیا۔ شمالی کشمیر کے سمبل علاقہ میں جمعہ کو مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی، اخوت اور کشمیریت کی تازہ مثال قائم کرتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کے سب سے بڑے اور محبوب تہوار ’ہیرتھ‘ کے موقعے پر نند کشور مندر کے صحن کی صفائی انجام دی۔ صفائی کے دوران بعض مقامی مسلمان نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یہ تحریر درج تھی ’ آیئے اگلی ہیرتھ (شیوراتری) ایک ساتھ مناتے ہیں‘۔
سمبل کے مقامی مسلمانوں کی جانب سے نند کشور مندر کے صحن کی صفائی کی ویڈیو معروف کشمیری صحافی اور ای ٹی وی کے گروپ ایڈیٹر راجیش رینہ نے اپنے فیس بک پیج پر اپ لوڈ کی ہے ، جسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جانے لگا ہے۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ ایک مختصر تحریر میں لکھا ہےہیرتھ (شیوراتری) پر ایک عظیم جذبہ۔ شمالی کشمیر کے سمبل میں مقامی مسلمانوں نے شیوراتری کے موقعے پر نند کشور مندر کے صحن کی صفائی کی۔
مقامی لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر آیئے اگلی ہیرتھ ایک ساتھ مناتے ہیں لکھا تھا۔ اسی کو ہم ہیرتھ کی اصل روح کہہ سکتے ہیں‘‘۔ راجیش رینہ کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے بیشتر لوگوں نے اسے اصلی کشمیریت قرار دے دیا ہے۔