فلاڈیلفیا : امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کی بیٹی چیلسی کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کو عظیم ماں قرار دیاہے ۔محترمہ چیلسی نے کل فلاڈیلفیا میں ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے خطاب کیا جہاں لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے اپنی ماں محترمہ کلنٹن کو بے حد محبت کرنے والی دانشور خاتون قرار دیتے کہا کہ وہ امریکہ کی صدر منتخب ہونے کے لئے سب سے زیادہ موزوں ہیں۔انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر ہی کہا کہ ووٹروں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے میری ماں کے خلاف غلط بیان بازی کی گئی ہے لیکن میری ماں ہمدرد، انصاف کا جذبہ رکھنے والی اور لوگوں کی محبت کرنے والی خاتون ہیں۔چیلسی نے کہا’اس نومبر میں میں اس خاتون کو ووٹ دوں گی جو جانتی ہیں کہ خواتین کے حقوق ہی انسانی حقوق ہیں، گھر میں بھی اور دنیا بھر میں بھی۔ میں اس محنتی خاتون کو ووٹ دوں گی جو کبھی بھی ہار نہیں مانتیں۔فلاڈیلفیا میں ہو رہے کنونشن میں صدر براک اوباما، ملک کی خاتون اول مشیل اوباما، نائب صدر جو بائیڈن نے بھی محترمہ کلنٹن کی حمایت میں لوگوں سے خطاب کیا۔ان لوگوں نے انہیں ملک کے مستقبل کے لئے سب سے زیادہ قابل امیدوار بتایا ہے ۔ مسٹر اوباما نے اپنے خطاب میں کہا تھا ‘صدر بننے سے پہلے تجربہ ہونا ضروری ہے جو محترمہ کلنٹن کے پاس ہے ۔ ہم نے سابق وزیر خارجہ کے طور پر محترمہ کلنٹن میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت، ثابت قدمی اور دانشوری دیکھی ہے ۔ میں مکمل طور پر مطمئن ہوں کہ محترمہ کلنٹن ایک عظیم صدر بن سکتی ہیں’۔