جے پور۔ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو 1998 کے سیاہ ہرن کے شکار کیس میں جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے آج ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سلمان خان [52]سے فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی عکس بندی کے دوران راجستھان میں جودھ پور کے قریب کنکنی گاوں میں اس جرم کا ارتکاب ہوا تھا۔ کورٹ نے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سلمان خان کو پچیس پچیس ہزار روپے کے دو مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔
سلمان خان کو بڑی راحت، مل گئی ضمانت، بلا اجازت غیر ملکی سفر پر پابندی
بالی ووڈ اداکار سلمان خان: فائل فوٹو۔
ضمانت کے ساتھ ہی عدالت نے اداکار کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ عدالتی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا سفر نہ کریں ۔ ریکارڈ کے مطابق سلمان خان اپنی زندگی میں چوتھی بار جیل گئے ہیں اور وہ جودھپور سینٹرل جیل میں دو دن اور ایک رات گزارنے کے ساتھ اب تک زائد از 19 دن جیل میں کاٹ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سلمان خان کو ٹرائل عدالت نے اس معاملے میں پانچ سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سلمان کو 5 اپریل کو ہی جودھپور کے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 2 میں قید ی بنا لیا گیا تھا۔
ہر چند کہ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر ابتدائی سماعت 6 اپریل کو ہی ہوئی تھی لیکن ابتدائی سماعت میں ضمانت کا فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے کیس کی سماعت آج صبح 10 بجے مقرر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ نے دیگر ملزمان اداکار سیف علی خان، اداکارہ، تبو، نیلم اور سونالی بیندرے سمیت ایک اور ملزم کو کیس سے بری کردیا تھا۔