نئی دہلی : مرکزی حکومت کی کالے دھن کا انکشاف کرنے سے متعلق اسکیم کے تحت 65 ہزار کروڑ سے زیادہ کی کالی کمائی کا انکشاف ہوا ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج اس کا اعلان کیا۔ جیٹلی کے مطابق کالے دھن کی اسکیم کے تحت کل 64 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اپنی غیر اعلانیہ جائیداد کا اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ 56 ہزار کروڑ سے زیادہ کی خفیہ جائیداد کا سرچ آپریشنوں سے پتہ چلا ہے ، جن میں سے 1986 کروڑ کیش برآمد بھی کر لئے گئے ہیں۔
جیٹلی کے مطابق کل 64275 لوگوں نے اپنی جائیداد کا اعلان کیا ، جن سے کل 65250 کروڑ روپے کی بلیک منی کا پتہ چلا ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت نے جو تلاش مہم چلائی ، اس کے ذریعہ 56378 کروڑ روپے کے غیر اعلانیہ اثاثوں کا انکشاف ہوا ، جن میں سے 1986 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
انکم ٹیکس محکمہ کے ذرائع کے مطابق اسکیم کے آخری دن انکشاف کرنے والوں کی بھیڑ لگی رہی ۔ حکومت نے بلیک منی کو ظاہر کرنے کے لئے چار ماہ کا وقت دیا تھا ، جو 30 ستمبر کو ختم ہو گیا۔ کہا جا رہا ہے حیدرآباد بلک منی کو ظاہر کرنے کے معاملہ میں نمبر ون پر ہے۔
بلیک منی اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے آخری دن محکمہ انکم ٹیکس کے افسران سڑکوں پر نظر آئے اور لاؤڈ اسپیکر لگا کر لوگوں کو اس اسکیم کے بارے میں بتایا۔ انکم ٹیکس محکمہ کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں اور جگہ جگہ کاروباریوں میں بیداری مہم چلائی گئی ۔ ساتھ ہی ساتھ چھاپہ ماری کی کارروائی بھی مسلسل جاری رہی۔