لکھنؤ: انجمن شبیریہ کی سہ روزہ شب بیداری کے الوداعی علم کی زیارت کرتے مومنین : تصویر – اعظم حسین

لکھنؤ: (تصویر – اعظم حسین) ایام عزا میں مجالس و ماتم اور شب بیداریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے مختلف امام باڑوں، روضوں، عزا خانوں میں عزادار مجلس وماتم اور شب بیداریاں کر کے شہدائے کربلا اور اسیران کربلا کا غم منا رہے ہیں۔

 

ماتمی انجمنیں رات- رات بھر نوحہ خوانی وسینہ زنی کر کے شہیدوںکا غم منا رہی ہیں۔ وہیں عزاداری اپنے عزا خانوں میں مجالس وماتم اور شب بیداریاں کر رہی ہیں۔

کل بعد نماز ظہرین انجمن شبیریہ کی جانب سے سہ روزہ شب بیداری کاالوداعی علم برآمدہوا ۔ حسین آباد کے شیش محل میں واقع امام باڑہ حیدر حسین میں الوداعی علم سے پہلے عشرت لکھنوی نے مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کربلا کے شہیدوں پر گزری مصیبتیں بیان کیں جسے سن کر عزادار زار و قطار روئے۔ مجلس کے بعد امام باڑہ سے انجمن کا الوداعی علم برآمد ہوا جو گشت کرکے پتھر والی مسجد میں اختتام پذیر ہوا۔

……..

وہیں تحسین گنج کے سجادیہ اپارٹمنٹ میں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا منتظر مہدی نے کہا کہ محبت اور ولایت حضرت علی کو نسلوں تک پہنچانا ہمارا پہلا فریضہ ہے ہم جب تک حضرت علی کے بتائے راستہ پر نہیں چلیں گے کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس وقت عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس سے قبل مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد شعراء نے اپنے کلام پیش کئے۔ مجلس کی نظامت مولانا جواد حیدر نے کی۔
مجالس آج:- سنیچر کو سعادت گنج کے کشمیری محلہ رستم نگر واقع عزا خانہ مرحوم ابن حسن ایڈوکیٹ میں مجلس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ رات ۸ بجے تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی مجلس کو مولانا میثم زیدی خطاب کریں گے۔ مجلس کے بعد ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کریں گی۔ دوسرے دن صبح دس بجے ہونے والی الوداعی مجلس کو مولانا متقی زیدی خطاب کریں گے جس کے بعد عقیدت مندوں کو امام حسین کی سواری کی نشانی ذوالجناح کی زیارت کرائی جائے گی۔ رستم نگر واقع عزا خانہ سید مبارک رضا رضوی میں ۱۷ صفرکو ایک مجلس کا اہتمام کیا گیا ہے جس کو مولانا مرزا شفیق حسین شفق خطاب کریں گے۔ شب ۸ بجے شروع ہونے والی مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا۔ منصور نگر واقع عزا خانہ مرتضیٰ حسین عابدی میں ۱۷ صفرکو ایک مجلس کا اہتمام کیا گیا ہے جس کو مولانا صابر علی عمرانی خطاب کریں گے۔ شب ۸ بجے شروع ہونے والی مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا۔
rسلطنت منزل میں سالانہ مجلس عز ا ومسالمہ ۳؍نومبرکو:-حامد روڈ نزد سٹی اسٹیشن واقع سلطنت منزل میں ۳۹ واں قدیمی سالانہ مجلس عزا ومسالمہ ۳؍نومبر کو سات بجے شب میں ہوگا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر سابق چیف انکم ٹیکس کمشنر دہلی اے کے نگم شریک ہوں گے۔ مجلس کو ڈاکٹر سید ارشد جعفری خطاب کریںگے اور نظامت حسن واسطی جونپوری کریں گے۔ مسالمہ کا آغاز قاری بہتر الزماں تلاوت کلام پاک سے کریںگے۔ مسالمہ کا مصرع طرح ’وفا کا ذکر جہاں میں کہاں نہیں ہوتا‘ ہے۔ مسالمہ میں مقامی و بیرونی شعراء اپنا طرحی کلام بارگاہ امامت میں پیش کریںگے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *