ڈھاکہ:بنگلہ دیش کی راجدھانی کے باہر ملبوسات کی پیکنگ کرنے والی ایک فیکٹری میں آگ بھڑک اتھی جس میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ اطلاع پولیس اور عینی شاہدین نے دی ہے ۔مزید درجنوں لوگوں کو جلی ہوئی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا ہے ۔
فائر بریگیڈ کا عملہ چار منزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے ۔ایک افسر محمد اخترالزماں نے بتایا کہ ”آگ صبح سویرے اس وقت لگی جب کام شروع ہونے والا تھا”ْ۔
آگ کس وجہ سے لگی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے آگ لگنے کے وقت وہاں سو لوگ موجود تھے ۔ ٹونگی کا صنعتی علاقہ ڈھاکہ سے 20 کلو میٹر دور واقع ہے ۔تیار شدہ ملبوسات پر بنگلہ دیش کی معیشت بہت زیادہ انحصار کرتی ہے ۔ پچھلے سال اس نے 28 ارب ڈالر ملبوسات کی برآمد سے کمائے تھے ۔بنگلہ دیش کے کارخانوں میں آگ سے بچاؤ کا نظام ٹھیک نہیں ہے ۔سال 2013 میں اک عمارت منہدم ہوگئی تھی جس میں گیارہ سو سے زیادہ مزدور جاں بحق ہوگئے تھے ۔ اسے ملک کا بدترین صنعتی حادثہ قرار دیا گیا تھا۔