ممبئی۔ اویسی کی مجلس اتحاد المسلمین نے بی جے پی کے گڑھ امراوتی میں 11 نشستیں جیتی ہیں۔ امراوتی میونسپل کارپوریشن میں انتخابات جیتنے کے سخت مقابلے میں اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے 80 نشستوں میں سے 11 سیٹیں اپنے نام کر لی ہیں۔ امراوتی کا الیکشن 21 فروری کو منعقد ہوا تھا اور انتخابات کے نتائج آج ووٹ کی گنتی ختم ہونے کے بعد آئے ہیں۔ وہیں بی جے پی نے 87 نشستوں میں سے 45 سیٹ جیت کر خود کو فاتح قرار دے دیا ہے۔ دوسرے مقام پر کانگریس کے حصے میں 20 سیٹیں آئیں تو وہیں شیو سینا کو کل 07 سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
امراوتی میں علیم نگر علاقے سے ایم آئی ایم کے امیدوار اےخالق، نسیم بانو، رضیہ خاتون اور اے ناظم نے بازی ماری ہے۔ بدنیر جنی بستی سے میرا كامبلے، روبینہ ہارون علی، محمد صابر اور ایس. ایم عمران فاتح رہے جبکہ جمیل کالونی سے افضل حسین، صاحب بی اور نجم النيس جیتنے میں کامیاب رہے۔
سیاست ڈاٹ کام کے مطابق، حیدرآباد کی پارٹی مجلس اتحاد المسلمین نے مہاراشٹر کی سیاست میں ناندیڑ میونسپل انتخابات سے شروعات کی اور 13 سیٹیں حاصل کیں۔ بعد میں پارٹی نے مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں بھی حصہ لیا اور ممبئی، اورنگ آباد کی نشستوں پر اپنی جیت بھی درج کرائی۔
وہیں پونے میں اشونی ڈینیل لانڈگے پونے میونسپل کارپوریشن میں پہنچنے والا پہلا مجلس اتحاد المسلمین کا کونسلر بنا۔ اسدالدین اویسی کی پارٹی مجلس اتحاد المسلمین نے پہلی بار پونے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں 25 امیدواروں کو میدان میں اتار کر الیکشن میں حصہ لیا۔ مکمل نتائج کے مطابق پونے میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی اکلوتی سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔