نئی دہلی : دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اپنے تمام عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔ اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر خان نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو آج ایک خط لکھ کر دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین سمیت تمام عہدوں سے استعفی دینے کا اعلان کیا۔ خط میں مسٹر خان نے لکھا کہ جب سے میں دہلی اسمبلی میں ایک رکن اسمبلی کے طور پر منتخب ہوکر آیا ہوں تب سے بڑی محنت لگن کے ساتھ کام کیا ہے اور دہلی کے لوگوں کی خدمت کی ہے۔ وقف بورڈ کا چیئرمین بننے کے بعد میں نے سابقہ حکومت کے کئی گھپلوں کا انکشاف کیا۔
انہوں نے لکھا کہ لیکن کچھ لوگوں کو میری ایمانداری اور لوگوں کے لئے خدمت کا جذبہ پسند نہیں آ رہا ہے۔ مجھے اور میرے خاندان کو طرح طرح کے جھوٹے الزام لگا کر پھنسايا جا رہا ہے۔ میں عوام کو صفائی دیتے دیتے تھک گیا ہوں اور میرے صبر و تحمل کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ اس لئے میں حکومت کی دی ہوئی ذمہ داریوں سے آزاد ہونا چاہتا هوں اور تمام عہدوں سے استعفی دے رہا ہوں۔