سیوان : راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابق لیڈر محمد شہاب الدین تیرہ سال بعد آج جیل سے رہا ہو گئے ۔ انہیں آج صبح بہار کی بھاگلپور جیل سے رہا کیا گیا ۔ شہاب الدین کو قتل کے معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد رہا کیا گیا ہے ۔ جیل کے باہر ان کے حامی کثیر تعداد میں موجود تھے، انہوں نے اپنے لیڈر کا شاندار استقبال کیا ۔ رہائی کے فورا بعد جیل کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ مجھے پھنسایا گیا تھا ۔ لیکن عدالت نے مجھے جیل بھیجا تھا اور آج اسی نے مجھے رہا کیا ہے ۔ اپنی دبنگ شبیہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اپنی شبیہ کیوں بدلوں ؟ لوگوں نے ہمیشہ مجھے اسی طرح تسلیم کیا ہے، جیسا میں گزشتہ 26 سالوں سے ہوں ۔
بتایا جارہا ہے کہ شہاب الدین رہا ہونے کے بعد بھاگلپور سے سیوان جائیں گے ۔ ان کی رہائی کے بعد سیوان انتظامیہ نے ضلع میں چوکسی بڑھا دی ہے ۔ طویل انتظار کے بعد اپنے لیڈر کے شہر میں آنے کی آس لگائے کارکنوں نے ان کے استقبال کی پوری تیاری کر رکھی ہے ۔ شہاب الدین کے حامیوں کے مطابق بھاگلپور جیل سے رہا ہونے کے بعد ان کا قافلہ سیوان جائے گا ۔