شبستان نیوز: انجمن علمائے یمن نے آل سعود کی طرف سے یمنی حجاج کے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر لگائی جانے والی پاپندی کی شدید مذمت کی ہے۔
شبستان نیوز ایجنسی نے العالم کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہےکہ علمائے یمن کی انجمن نے انجمن کی طرف سے جاری کیے ایک بیان میں ارض مقدس مکہ و مدینہ پر آل سعود کے قبضے، حرمین شریفین کو اپنی ملکیت سمجھنےا ور حجاج بیت اللہ الحرام کو غلطی سے یا جان بوجھ کر قتل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ٹی وی چینل المسیرہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یمن کے علماء نے عالم اسلام کے علماء سے درخواست کی ہے کہ وہ آل سعود کے ان اقدامات کی سخت مذمت کریں جو وہ اپنے سیاسی مخالف ممالک کے حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔
اس بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ حج تمام مسلمانوں کا حق ہے اور کسی کو ان سے یہ حق چھیننے کا اختیار نہیں ہے۔
انجمن علمائے یمن نے عالم اسلام کے علماء، مذہبی تنظیموں اور اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ مختلف پروگرامز اور کانفرنسز کے ذریعے حج پر آل سعود کے جارحانہ قبضے کو پوری دنیا کے سامنے بیان کریں اور لوگوں کو ان کی حقیقت سے آشنا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔