لاس اینجلس:امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی حصوں کے جنگلات میں لگی شدید آگ پھرسے بھڑک اٹھی ہے ۔مضافاتی علاقوں میں رہنے والے تقریباً 700افراد کو صحیح سلامت نکال لیاگیا ہے ۔کیلی فورنیا کے جنگلات اور فائر سکیورٹی محکمے کے ترجمان اے نیومین نے بتایا کہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ،لیکن اس سے ایک عمارت جل کر خاک ہوگئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو شمال مشرقی علاقے میں رہنے والے لوگوں کو فوراً صحیح سلامت نکالنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔فائر بریگیڈ محکمے کے 320 سے زیادہ اہلکار آگ بجھانے کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔آگ کی وجہ سے اب تک سیکڑوں مکانات جل کر راکھ ہوچکے ہیں اور کاروباری اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔30ہزار ایکڑ میں پھیلی آگ کی وجہ سے اب تک 80ہزار سے زیادہ افراد کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانا پڑا ہے ۔واضح رہے کہ گرم اور خشک موسم کی وجہ سے اس علاقے کے جنگلوں میں دسمبر تک آگ لگنے کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔