سری نگر: وادی کشمیر میں بارش کے سبب ایک روز تک معطل رہنے والی امرناتھ یاترا بحال کردی گئی ہے ۔
ایک یاترا افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ اتوار کو ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث یاترا راستوں پر پھسلن پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر یاترا کو معطل کردیا گیا تھا۔ تاہم یاترا کو آج علی الصبح بحال کردیا گیا۔
مذکورہ افسر نے بتایا کہ پیر کی صبح تازہ بارشوں اور مطلع ابرآلود رہنے کے باوجود بال تل بیس کیمپ سے یاتریوں کا تازہ قافلہ پوتر امرناتھ گھپا کی طرف روانہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جو یاتری رات بھر پوتر گھپا میں ٹھہرے ہوئے تھے ، آج صبح بال تل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے ۔ اسی طرح ننون پہل گام بیس کیمپ سے بھی یاتریوں کا تازہ قافلہ آج صبح پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوا۔
دریں اثنا 101 یاتریوں نے اتوار کو پوتر گھپا میں حاضری دی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 48 دنوں پر محیط امرناتھ یاترا جو 2 جولائی کو شروع ہوئی تھی، کے دوران تاحال 2 لاکھ 17 ہزار 928 یاتریوں نے پوتر گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے ۔ سالانہ امرناتھ یاترا 18 اگست کو رکھشا بندھن تہوار کے موقع پر اختتام کو پہنچے گی۔