رانچی۔ جھارکھنڈ حکومت نے ریاست میں غیرقانونی سلاٹر ہاؤس کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکومت کے اس حکم نامہ سے گوشت کے کاروبار سے جڑے لوگوں میں سخت مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ وہیں مختلف تنظیموں نے اس پراپنے شدید ردعمل کا اظہارکیا ہے۔اترپردیش کے بعد جھارکھنڈ میں بھی غیرقانونی سلاٹر ہائوس کو تین دنوں کے اندر خود سے بند کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
داخلہ سکریٹری نے اس تعلق سے تمام ضلع انتظامیہ کو خطوط روانہ کئے ہیں۔ حکومت کے اس حکم نامہ سے گوشت کاروباریوں میں سخت مایوسی کا عالم ہے۔ رانچی کے کانٹاٹولی میں منعقد جمعیت القریش کی میٹنگ میں اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ رانچی کے کانٹاٹولی اور ڈورنڈہ علاقہ میں سلاٹر ہائوس قائم ہیں۔ جمیعت القریش کے مطابق کانٹاٹولی علاقہ کے قریشی محلہ میں قانون کے مطابق سلاٹرہائوس قائم ہے لیکن رانچی میونسپل کارپوریشن کے ٹال مٹول والے رویہ کی وجہ سے ایک طویل عرصہ سے لائسنس رینیول نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت کے اس قدم پر سیاسی و مذہبی رہنما نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
ریاست کی بی جے پی حکومت کے اس فیصلہ سے گوشت کاروبار سے جڑے ہزاروں لوگوں کو بے روزگار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جمیعت القریش نے جلد ہی اس تعلق سے رانچی میں ریاست گیر پیمانہ پر میٹنگ بلانے اور حکومت کو اپنے مسائل سے روشناس کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔