لکھنؤ : گورکھپور سے رکن پارلیمان یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں اتر پردیش کے 21 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلی کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما نے بھی حلف لیا۔ مسٹر موریہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر اور پھول پور سے ممبر پارلیمنٹ ہیں جبکہ مسٹر شرما لکھنؤ کے میئر ہیں۔
یوگی کابینہ میں 25 کابینہ، نو وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) اور 13 وزرائے مملکت کو شامل کیا گیا ہے۔ حلف لینے والے کابینہ وزراء میں سوریہ پرتاپ شاہی، سریش کھنہ، سوامی پرساد موریہ، ستیش مهانا، راجیش اگروال، ریتا بہوگنا جوشی، دارا سنگھ چوہان، دھرم پال سنگھ، ایس پی سنگھ بگھیل، ستيہ دیو پچوری، رماپتی شاستری، جے پرتاپ سنگھ، اوم پرکاش راج بھر، برجیش پاٹھک ، لکشمی نارائن چودھری، چیتن چوہان، شريكانت شرما، راجندر پرتاپ سنگھ، سدھارتھ ناتھ سنگھ، مکٹ بہاری ورما، آشوتوش ٹنڈن عرف گوپال جي اور نند کمار نندي شامل ہیں۔ یوگی کی اس کابینہ میں صرف ایک مسلم امید وار مھسن رضا کو جگہ دی گئی ہے۔
اسٹیج پر امت شاہ، ملائم سنگھ یادو، لال کرشن اڈوانی، اکھلیش یادو، شیو راج سنگھ چوہان، نتن گڈکری، اوما بھارتی، روی شنکر پرساد سمیت کئی بڑے لیڈر ان موجود تھے ۔ اس کے ساتھ ہی اکھلیش اور ملائم سنگھ یادو سے اسٹیج پر امت شاہ گرم جوشی سے ملے۔ یہی نہیں جب تقریب ختم ہوئی ، تو بھی ملائم سنگھ یادو اور اکھلیش یادو وزیر اعظم مودی سے ملے اور ہاتھ ہلا کر عوام کا شکریہ ادا کیا۔