نئی دہلی۔ کیجریوال نے جیٹلی کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی، ان کی اہلیہ اور داماد کے بینک اکاؤنٹس، انکم ٹیکس ریٹرن اور اس سے متعلق دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی مانگ پرکل دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ مسٹر کیجریوال نے اپنی درخواست میں مسٹر جیٹلی اور ان کے خاندان کے ارکان کی 1999-2000 سے 2014-15 کے درمیان مالی ریکارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے (مسٹر کیجریوال) اور پانچ دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف جیٹلی کی جانب سے ہتک عزت کے مقدمے کو غلط ثابت کیا جا سکے۔
سال 2013 تک تقریبا 13 برسوں تک ڈي ڈي سي اے کے صدر رہے مسٹر جیٹلی نے اپنے دور اقتدار کے دوران مالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں سے متعلق آپ رہنماؤں کے تمام الزامات کو سرے سے مسترد کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر جیٹلی نے مسٹر کیجریوال اور آپ رہنماؤں راگھو چندرا، کمار وشواس، آشوتوش، سنجے سنگھ اور دیپک واجپئی پر 2015 میں 10 کروڑ ہرجانے سے متعلق ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ گذشتہ سال اس معاملے میں مسٹر جیٹلی ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔ عدالت نے گذشتہ 12 جولائی کو
دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کیس میں مسٹر کیجریوال اور دیگر کے خلاف الزامات طے کئے تھے۔ عدالت نے مسٹر کیجریوال اور دیگر کے اس دعوے کو بھی رد کر دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے مسٹر جیٹلی کے خلاف کوئی قابل اعتراض بیان نہیں دیا ہے۔
عدالت نے گذشتہ 30 جنوری کو مسٹر کیجریوال اور ممبر پارلیمنٹ کیرتی آزاد کو یہ کہہ کر عدالت میں پیش ہونے کو کہا کہ ان کے بیانات سے کرکٹ ایسو سی ایشن کی ساکھ پر منفی اثر پڑتا ہے۔ تاہم عدالت نے مسٹر کیجریوال اور مسٹر آزاد کو ضمانت دیتے ہوئے انہیں 21 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔