نئی دہلی۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ مرکزی سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کی شرح دو برسوں میں تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کل کہا کہ پچھلے دو برسوں میں مرکزی حکومت کے اقلیتی ملازمین کی شرح 5.3 فیصد سے بڑھ کر 9.9 ہو گئی ہے اور ان کے لئے ملک میں ترقی کا ماحول سازگار ہوا ہے۔ راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ اس پیشرفت میں اقلیتوں کے ساتھ تفریق آمیز سلوک کے خاتمے کا عمل دخل ہے۔ اقلیتوں کو اس سے پہلے بھی ایسے مواقع ملنے چاہئیں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی حکومت ووٹ بینک کی پالیسیوں پر عمل نہیں کرتی بلکہ ہمہ جہت قومی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے۔
مختار عباس نقوی نے مزید کہا کہ اگرچہ سابقہ حکومت سے ورثے میں موجودہ حکومت کو بدعنوانی اور ڈھیر سارے مسائل ملے تھے لیکن مودی حکومت نے جب کام شروع کیا تو معاشرے کے تمام طبقات کی ضرورتوں، تقاضوں اور مسائل کو سامنے رکھ کر کام شروع کیا اور یہ خوش آئند تبدیلیاں اسی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اقلیتی کمیشن کی ایک رپورٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پچھلے دو برسوں میں فرقہ وارانہ واقعات میں دو سو فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے جو فرقہ وارانہ ہم آ ہنگی کے رخ پر بہتر امکانات کے در وا کرتی ہے۔