جنوبی بغداد کے یوسفیہ علاقے میں ایک کار بم دھماکے میں دس افراد جاں بحق اور پچیس دیگر زخمی ہوگئے
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب عراقی فوجیوں کی ایک گاڑی ایک چیک پوسٹ کے پاس سے گذر رہی تھی-اس رپورٹ کے مطابق فوجیوں کے علاوہ بعض عام شہری بھی جو اس جگہ پر موجود تھے جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
در ایں اثنا عراق کی سومریہ نیوز ایجنسی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بغداد کے مرکز میں الصالحیہ کا رہائشی علاقہ بھی ایک خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا- اس دھماکے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے- ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن عام طور پر اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری داعش کے عناصر قبول کرتے ہیں –
حالیہ حملے ایسی حالت میں ہوئے ہیں کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کے اعلان کے مطابق اس ملک کی فوج نے پیر سے صوبہ نینوا کے شہر موصل کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کاروائی شروع کردی ہے -گذشتہ روز بھی بغداد کے جادریہ علاقے میں عزاداران حسینی کے راستے میں بم دھماکے کے نتیجے میں چھ عزادار شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے-
واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھی بغداد کے شعب علاقے میں عزاداروں کے جلوس پر ہونے والے خودکش حملے میں پینتیس افراد شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے تھے-