نئی دہلی: ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے تحریک آزادی کے دوران قائم کردہ مشہور اخبار نیشنل ہیرالڈ اور نوجیون کی اشاعت جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائے گی ۔ ایسوسی ایٹڈ جرنلس لمیٹڈ گروپ کی طرف سے اردو اخبار قومی آواز کو بھی دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
آؤٹ لک ہندی کے سابق ایڈیٹر اور مشہور صحافی نیلابھ مشرا کو ہیرالڈ گروپ کا چیف ایڈیٹر مقرر کیا گیا ہے ۔ مسٹر مشرا اکنامک ٹائمز اور ایناڈو گروپ میں بھی کام کر چکے ہیں۔پنڈت نہرو نے ان اخبارات کی اشاعت کے لئے 1937 میں ایسوسی جرنلس لمیٹڈ قائم کی تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان اخبارات کے ذریعے پنڈت نہرو کے خیالات عام کرکے آگے بڑھایا جائے گا۔ فری پریس جرنلس کی آج یہاں جاری ریلیز کے مطابق نیشنل ہیرالڈ انگریزی اور نوجیون کا ہندی میں چند ماہ میں اشاعت شروع کی جائے گی ۔ بغیر فائدہ کے چلنے والی یہ کمپنی ان اخبارات کی اشاعت کرے گی۔واضح رہے کہ نیشنل ہیرالڈ کے شیئر خریدنے کے معاملے میں بے ضابطگی کے بارے میں بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی شکایت پر دہلی کی ایک عدالت میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے کچھ دیگر رہنماؤں پر مقدمہ چل رہا ہے ۔