لکھنؤ۔ گورنر رام نائک سے ملاقات کرکے یوگی نے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا۔ اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے گورنر رام نائک سے مل کر حکومت بنانے کا باضابطہ دعوی پیش کیا۔ بی جے پی کی ریاستی اسمبلی میں مکمل اکثریت ہے۔ ریاستی اسمبلی کی کُل 403 نشستوں میں سے بی جے پی اتحاد کے 325 امیدوار جیت کر آئے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کل دوپہر 2 بج کر 15 منٹ پر کانشی رام اسمرتی اپون میں ہوگی۔
اس سے پہلے وزیر اعلی کو لے کر ہفتے بھر سے چل رہی غیر یقینی صورتحال ہفتے کی شام ختم ہو گئی۔ بی جے پی نے یوگی آدتیہ ناتھ کو اترپردیش کے نئے وزیر اعلی کے لئے منتخب کر لیا۔ بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں یوگی آدتیہ ناتھ کو پارٹی پارٹی اراکین کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ بی جے پی لیڈر سریش کھنہ نے اجلاس میں وزیر اعلی کے لئے آدتیہ ناتھ کے نام کی تجویز پیش کی، جس کی مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے حمایت کی۔
بتا دیں، آدتیہ ناتھ گورکھپور سے مسلسل پانچ بار سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ ناتھ پنتھ کے مشہور مٹھ گورکھناتھ کے مہنت آدتیہ ناتھ ہندو یوا واہنی کے بانی ہیں۔ آدتیہ ناتھ 26 سال کی عمر میں 1998 میں پہلی بار گورکھپور سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے اور ملک کے سب سے نوجوان رکن پارلیمنٹ بنے۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل گورکھپور سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے ہیں۔