عالمی اداروں کی خاموشی کے سائے میں سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی صبح صنعا، صعدہ اور مارب میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے۔ ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
سعودی امریکی لڑاکا طیاروں نے صوبہ صنعا کے شہر نہم میں ٹیکنیکل کالج کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا ہے جس سے اس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سعودی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج نے تعز صوبے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کی ایک ٹولی کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک ہوگئے۔
یمنی فوج نے ظہران کے علاقے میں واقع سعوی فوج کے ٹھکانے پر بھی کئی راکٹ فائر کیے ہیں۔ سعودی عرب نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔