لکھنؤ : سفر ایران سے واپسی کے بعد آج مولانا سید کلب جواد نقوی نے ایران کی ترقی اور پابندیوں کے وقت ایرانی عوام کے صبرو تحمل کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ عالمی پابندیوں کے بعد بھی کم مدت میں ایران نے اتنی ترقی کی ہے کہ جو ترقی یافتہ ممالک طویل مدت کے بعد بھی نہیں کرسکے ہیں ۔مولانا نے کہاکہ کوئی مصیبت مکمل مصیبت نہیں ہوتی ہے ۔ہر مصیبت میں ایک پہلو رحمت کا ہوتا ہے ۔عالمی پابندیاں ایران کے لئے مصیبت تھیں مگر یہی پابندی انکے لئے نعمت بن گئی ۔انہوں نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔وہاں جتنی ترقی ہورہی ہے اپنے ہاتھوں ہورہی ہے ۔وہ کسی دوسرے پر منحصر نہیں ہیں ۔مولانا نے کہاکہ ایران میں سابق صدر جمہوری ایران احمدی نژاد سے کئی اہم مسائل پر بات ہوئی ۔وقف محکمہ کے عالم دین آقائی علی محمدی سے وقف کے مسائل پر بات چیت ہوئی ۔آیتہ اللہ عالمی سے بھی مسلمانوں کے مسائل پر گفتگو ہوئی ۔مولانا نے کہاکہ ایران تعلیم و صنعت کے ساتھ ہر شعبہ میں ترقی کررہاہے ۔ایران کی ترقی سے دوسرے ممالک حسد کرنے کے بجائے سبق لیں اور اپنی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں ۔