امریکی پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف سیکڑوں افراد نے شکاگو میں مظاہرہ کیا ہے۔
خبروں کے مطابق سیکڑوں امریکی شہری شکاگو کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہم ہے جیسے نعرے درج تھے۔
شکاگو سٹی کے حکام نے جمعے کے روز ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں پولیس کو اٹھارہ سالہ سیاہ فام نوجوان پر فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ماہ قبل پیش آیا تھا اور اسکی ویڈیو جمعے کو جاری کی گئی ہے۔
شکاگو پولیس چیف ایڈی جانسن کا کہنا ہے کہ فلم سے نشاندھی ہوتی ہے کہ اس واقعے میں تین پولیس اہلکار، محکمہ جاتی ضابطوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فاموں کے قتل کے پے در پے واقعات کے بعد “سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہم ہے” جیسی تحریک نے جنم لیا ہے جبکہ پولیس اور عدلیہ پر تعصب سے کام لینے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔