اردو فکشن میں ملک کی مشترکہ تہذیب وثقافت کو نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیراہتمام بھوپال میں اردو فکشن سمت اور رفتار کےعنوان سے یک روزہ قومی سیمینار میں کیا گیا۔ قومی سمینار میں ملک کے ممتاز فکشن نگاروں نے شرکت کی اور اردو فکشن کو نئی سمت دینے کے لئے اردو کے زیادہ سے زیادہ قارئین پیدا کرنے پر زوردیا ۔ دیکھیں تصویریں۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام بھوپال اسٹیٹ میوزیم میں منعقدہ سمینار میں ملک کے ممتاز اردو دانشوران، ناقدین، افسانہ و ناول نگاروں نے شرکت کی ۔
سیمینار کے پہلے حصہ میں افتتاحی سیشن کے بعد دو ٹیکنکل سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ پہلے ٹیکنکل سیشن میں پروفیسرعلی احمد فاطمی، مشرف عالم ذوقی، ڈاکٹر صادقہ نواب، اقبال مسعود اور اظہر راہی نے اپنے مقالے پیش کئے۔ مقالہ نگاروں نےاردو فکشن کی نئی سمت کے لئے جہاں فکشن کے دائرے کو وسیع کرنے پر زور دیا وہیں انہوں نے نئے موضوعات کی شمولیت کی جانب بھی اشارہ کیا۔ اردو اکادمی کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار کا مقصد یہی بتایا گیا کہ اس کے ذریعہ اردو کے نئے فکشن لکھنے والوں کی رہنمائی کرنا ہے۔