نئی دہلی : وزیر اعظم مودی نے یو پی اسمبلی انتخابات میں جیت کو تاریخی قرار دیا ہے۔ اترپردیش اور اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی بہترین کامیابی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ میں اتر پردیش کے عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ بی جے پی کی یہ تاریخی جیت ترقی اور گڈ گورننس کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشی کے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر کاشی کے عوام کا اٹوٹ اعتماد اور بے پناہ محبت پا کر میں آج بہت خوش ہوں ۔ کاشی کے لوگوں کو صد صد سلام ۔ وزیر اعظم مودی نے اترا کھنڈ جیت کو انتہائی خاص بتاتے ہوئے دیو بھومی کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی پوری لگن کے ساتھ لوگوں کی خدمت كرےگی ۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے صدر امت شاہ نے اترپردیش اور اتراکھنڈ میں کامیابی کو پارٹی کا نظریہ اور وزیر اعظم نریندرمودی کے غریبوں کے لئے فلاحی اسکیموں اور ترقی پسند نظم حکمرانی میں عوام کے اعتماد کی جیت قرار دیا ہے۔ اب تک کے نتائج اور رجحانات کی بنیاد پر پارٹی کو زبردست کامیابی ملنے کے آثار کے مدنظر مسٹر شاہ نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’ بی جے پی پر اعتماد کرکے اس تاریخی فیصلہ دینے کے لئے یوپی کے عوام کو زبردست مبارک باد۔
انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کا نظر یہ اور وزیراعظم کی غریبوں کے لئے فلاحی اسکیموں پر عوام کے اعتماد کی جیت ہے۔ انہوں نے اس فتح کے لئے تمام کارکنوں ، وزیر اعظم مودی اور ریاست میں پارٹی کے صدر کیشو پرساد موریہ کو بھی مبارک باد دی۔ مسٹر شاہ نے اتراکھنڈ میں کامیابی کے لئے تمام پارٹی کارکنوں اور ریاستی صدر اجے بھٹ کو مبارک باد دی۔
مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما راجناتھ سنگھ نے اترپردیش اور اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ملی بہترین کامیابی کےلئے وہاں کے عوام کا شکریہ اداکیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے ووٹوں کی گنتی کے زیادہ تر رجحان آنےکے بعد آج ٹویٹر پر کہا کہ اس تاریخی جیت کےلئے ہم سبھی اترپردیش اور اتراکھنڈ کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہیں ۔
بجلی کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ان نتائج سے طے ہوگیا ہے کہ ملک کے عوام وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے پارٹی میں بھروسہ ظاہر کرنےکے لئے اترپردیش اور اتراکھنڈ کے عوام کا شکریہ اداکیاہے۔
ثقافت کے مرکزی وزیر مہیش شرما نے اترپردیش میں جیت کو تاریخی بتاتے ہوئے ریاست کے عوام کو مبارکباد دی ہے اور پارٹی کے سبھی کارکنان کا بھی شکریہ اداکیا ہے۔
ادھر مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے جیت کا تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کون بنے گا ، اس بابت پارٹی بعد میں فیصلہ کرے گی ۔ خیال رہے کہ سیاسی گلیاروں میں وزیر اعلی کے عہدہ کی ریس میں اسمرتی ایرانی کا نام بھی چل رہا ہے ۔