واشنگٹن۔ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ کرنا چاہیے۔ امریکہ کے نو منتخب صدر آئندہ ماہ امریکی صدارت کا عہدہ سنبھالیں گے اور ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اپنی جوہری صلاحیت کو اس وقت تک بڑھانا چاہیے جب تک دنیا جوہری ہتھیاروں کے بارے میں ہوش نہیں سنبھالتی۔
امریکہ کے نو منتخب صدر نے اپنا یہ موقف ٹوئٹر پر ٹوئیٹ کر کے ظاہر کیا اور اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔ بعد میں ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی ضرورت کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے چند گھنٹے قبل ہی روسی صدر ولادمیر پوتن نے کہا تھا کہ روس کو اپنی عسکری جوہری صلاحیت بڑھانی چاہیے۔ آرمز کنٹرول اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس 7100 جبکہ روس کے پاس 7300 جوہری وار ہیڈ ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان جیسن ملر نے بعد میں اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب صدر جوہری ہتھیاروں کے پھیلاو کے خطرے اور اس کے روک تھام کی شدید ضرورت کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں روسی صدر پوتن نے اپنے عسکری مشیران سے ماقات کی اور 2016 کا جائزہ لیا۔ انھیں بتایا گیا ہے کہ روس کسی بھی ممکنہ دشمن سے زیادہ طاقتور ہے۔
صدر پوتن کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی جوہری فورسز کی عسکری صلاحیتوں میں بالخصوص میزائل نظام کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ وہ موجود کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو پا کر سکے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ روس کو احتیاط کے ساتھ عالمی قوت کے توازن اور دنیا کی سیاسی اور عسکری صورتحال پر نظر رکھنی ہوگی بالخصوص اپنی سرحدوں کے پاس۔
صدر پوتن کے بیان کا اشارہ مشرقی یورپ میں امریکی تنصیبات کی جانب ہو سکتا ہے جن کے بارے میں امریکہ کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ایران کا مقابلے کرنا ہے۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا تھا تاہم انھوں نے یورپی ممالک کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے امکان کو مکمل طور پر رد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔