کینیڈا کے وزیراعظم نے ایران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کے فیصلے کو غلطی قرار دیا ہے۔
سی بی سی نیوز کے مطابق وزیراعظم جیسٹین ٹروڈو نے اعتراف کیا ہے کہ تہران میں سفارت خانہ بند کرنے اور ایران سے تعلقات توڑنے کا فیصلہ غلط تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے محض سیاسی اور نظریاتی بنیادوں پر تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ پہلی بار نہیں ہے جب کینیڈا کے کسی اعلی عہدیدار نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑنے کے فیصلے کو سابق حکومت کی غلطی قرار دیا ہے۔
اس سے قبل کینیڈا کے وزیر خارجہ اسٹیفن ڈیون نے بھی کہا تھا کہ تہران میں سفارت خانے کو بند کرنے اور ایران کے ساتھ تعلقات توڑنے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خطے میں سود مند کردارادا کرنے کی غرض سے تہران واپس جانا ہوگا۔
کینیڈا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے اور ہمیں ایسا کرنا پڑے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کینیڈا کی سابق حکومت نے ستمبر دوہزار بارہ میں یکطرفہ طور پر ایران سے اپنے تعلقات معطل کردیئے تھے۔