نئی دہلی : دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے دفتر میں ہوئی چوری میں لیپ ٹاپ و کمپیوٹر غائب ہو گئے ہیں۔ دہلی میں جرائم کس قدر اپنے پاوں پسار چکا ہے اس بات کا اندازہ اس سے ہی لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست کے نائب وزیر اعلی تک محفوظ نہیں ہیں۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے ایسٹ ونود نگر میں واقع آفس میں جمعرات کی رات چوری ہو گئی۔ چوروں نے تالا توڑ کر اس واردات کو انجام دیا۔ آفس سے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، لیٹرہیڈ وغیرہ چوری ہوا ہے۔ یہی نہیں چور جاتے جاتے سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر کے بھی ساتھ لے گئے، جس میں فوٹیج ریکارڈ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ منیش سسودیا کا یہ آفس این ایچ 24 کے نزدیک ہے۔ كليان پوري پولیس اس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ یہ سات کمروں کا آفس ہے ، جس میں رکھے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں حکومت سے متعلق اہم معلومات تھیں۔
سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر کے بھی چوری ہونے سے شک ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس واردات کے پیچھے سیاسی سازش ہو سکتی ہے۔ آفس میں نقب زنی کا مقصد اطلاعات چوری کرنا ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے سسودیا کے مشیر کے گھر سے بھی اہم دستاویزات چوری ہوچکے ہیں۔