امریکی صدراتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے خواتین کے سلسلے میں دئے گئے توہین آمیز بیان کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد ریپبلیکن پارٹی کے سینیئر رہنما یکے بعد دیگرے ٹرمپ سے اپنی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس بیان کی مذمت کررہے ہیں-
واشنگٹن پوسٹ نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں دکھایا گیاہے ریپبلیکن صدارتی امیدوار ٹرمپ خواتین کے با رے میں شرمناک بیان دے رہے ہیں – اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد ریپبلیکن پارٹی میں شدید مایوسی پائی جارہی ہے اور امریکی معاشرے میں بھی اس بیان کی سخت مذمت کی جارہی ہے –
اس توہین آمیز بیان پر ہنگامہ کھڑا ہوجانے کے بعد ٹرمپ نے مجبورا اپنے بیان پرمعافی مانگ لی ہے – یہ ویڈیو دوہزار پانچ میں ریکارڈ ہوا تھا جس میں ٹی وی کی ایک مشہورخاتون اینکر بھی موجود ہیں – اس موقع پر ٹرمپ نے خواتین کے سلسلے میں شرمناک اور نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے –
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پل رایان نے کہا ہے کہ انہوں نے سنیچر کو ویسکانسین میں ٹرمپ سے ہونےوالی ملاقات کو منسوخ کردیا ہے اور اب وہ ان سے ملاقات نہیں کریں گے – سینٹ میں ریپبلیکن پارٹی کے قائد میچ مک کانل نے بھی کہا کہ ٹرمپ کا بیان ہر حال میں نفرت انگیز اور قابل مذمت ہے –