نئی دہلی: زمبابوے نے قحط سالی کی آفت سے نمٹنے کے لئے اس کی اپیل پر ہندوستان کی جانب سے فوراً 10 لاکھ ڈالر کی مدد فراہم کرنے لئے شکریہ ادا کیا ہے ۔ہندوستان زمبابوے کو 500 ٹن چاول بھی بھیجے گا۔
وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا ہے کہ زمبابوے کی مدد کی اپیل پر فوراً قدم بڑھاتے ہوئے ہرارے میں مامور ہندوستانی سفیر آر مساکوئی نے پچھلے ہفتہ زمبابوے کے صدر رابرٹ موگا بے اور کابینہ کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر مشیک سنباڈا کو ہندوستانی سرکار کی جانب سے بھیجی گئی امدادی رقم سونپی۔
ڈاکٹر سنباڈا نے ہندوستانی سرکار کی جانب سے فوراً مدد کی فراہمی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان مختلف شعبوں میں وسیع تعاون کو سراہا۔
ہندوستانی سرکار نے زمبابوے کو 500 ٹن چاول بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چاول وہاں پہنچانے کے لئے بات چیت چل رہی ہے ۔ زمبابوے سرکار نے ملک میں قحط سالی کی وجہ سے ہندوستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔