جنوبی کوریا کے شہریوں نے امریکہ کے میزائل سسٹم تھاڈ کو نصب کئے جانے کے پروگرام کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ جنوبی کوریا کے شہر گیم چیؤن کے باشندوں نے اپنے شہر میں امریکہ کے تھاڈ میزائل سسٹم کو نصب کئے جانے کے پروگرام پر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے- پروگرام کے مطابق یہ سسٹم پہلے سیئونگجو میں نصب کیا جانا تھا لیکن اس شہر کے باشندوں کی شدید مخالفت کے بعد تھاڈ میزائل سسٹم کو گیم چیؤن شہر میں نصب کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس شہر کے بھی باشندوں نے شدید احتجاج کیا ہے- مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کی حکومت گیم چیئون شہر کی سلامتی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے- جنوبی کوریا میں امریکہ کے جدید میزائل سسٹم تھاڈ کو نصب کئے جانے کے فیصلے کے اعلان کے بعد جنوبی کوریا کے مختلف شہروں کے باشندوں نے وسیع پیمانے پر شدید احتجا ج کیا ہے- قابل ذکر ہے کہ واشنگٹن اور سیئول نے گذشتہ آٹھ جولائی کو اعلان کیا تھا کہ وہ تھاڈ میزائل سسٹم کو دو ہزار سترہ تک جنوبی کوریا میں نصب کر دیں گے- واشنگٹن اور سیئول نے دعوی کیا ہے کہ اس میزائل سسٹم کو نصب کرنے کا مقصد بقول ان کے شمالی کوریا کے میزائلی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔