سرینگر:کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ میں ماچل سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دو جوان شہید ہو گئے اور ایک دہشت گرد مارا گیا۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے یواین آئی سے کہا، ”کپوارہ میں ماچل سیکٹر کے جنگلوں میں دہشت گردوں نے بی ایس ایف کی ایک چوکی پر حملہ کیا، جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے بھی فائرنگ کی”۔ سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم میں بی ایس ایف کے ہیڈ کانسٹیبل چندر پال سنگھ اور کانسٹیبل ببن ساہا شہید ہو گئے اور ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔خبر لکھے جانے تک تصادم جاری ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے اضافی سکیورٹی اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے اور پورے خطے کو محاصرے میں لیا جا رہا ہے ۔