پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑا
نئی دہلی : سری لنکا کے خلاف سیریز ہارنے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں اپنا نمبر ایک مقام بھی گنوا دیا ہے اور اسی کے ساتھ اب ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ میں سب سے اوپر رینک پہنچ گئی ہے۔ آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کے خلاف 0-3 سے شکست کا سامنا کرنے کے ساتھ ہی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی اپنی ٹاپ رینکنگ گنوا دی ہے۔ ہندوستانی ٹیم 112 پوائنٹس کے ساتھ اب نمبر ایک پر پہنچ گئی ہے۔ لیکن چوٹی پر بنے رہنے کے لیے ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جمعرات سے شروع ہو رہے اپنا چوتھا اور سیریز کا آخری ٹیسٹ جیتنا لازمی ہوگا۔
وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا کو یہ مقام گنوانے کا سب سے بڑا خطرہ پاکستان سے ہے جو اس سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہے۔ پاکستان اب 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ وہیں آسٹریلیا تیسرے ٹیسٹ میں 163 رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنے کے ساتھ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر کھسک گیا ہے۔ اس کے 108 پوائنٹس ہیں جبکہ سیریز کے آغاز میں اس کے 118 پوائنٹس تھے۔ انگلینڈ (108) بھی اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا سری لنکا کے ہاتھوں سیریز میں یک طرفہ طور پر ہار کے ساتھ ہی پاکستان بھی دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس نے انگلینڈ کے ساتھ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے ڈرا کھیلی تھی۔اگر ہندوستان اپنے آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز سے ہار جاتا ہے تو پاکستان کے پاس پہلی بار نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا موقع رہے گا۔ وہیں فاتح رہی سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اس کلین سویپ سے اسے 10 پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے۔