نئی دہلی : کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی آر ایس ایس پر مہاتما گاندھی کے قتل کا الزام لگانے والے بیان پر اب بھی قائم ہیں۔ راہل نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ میں آر ایس ایس کی نفرت اور تقسیم کی پالیسی کے خلاف اپنی لڑائي کبھی بھی بند نہیں کروں گا۔ میں اپنے پرانے بیان کے ہر لفظ پر اب بھی قائم ہوں۔ اس کے ساتھ ہی راہل نے آر ایس ایس پر مہاتما گاندھی کے قتل کا الزام لگانے والے بیان کا ویڈیو بھی ٹویٹ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز راہل گاندھی کی جانب سے پیش ان کے وکیل کپل سبل نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ ‘مہاتما گاندھی کے قتل کے لئے راہل نے براہ راست طور پر کبھی بھی آر ایس ایس کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا۔
سبل نے کہا تھا کہ راہل نے کبھی مہاتما گاندھی کے قتل کے لئے بطور ادارہ آر ایس ایس کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا، بلکہ کہا تھا کہ آر ایس ایس سے وابستہ لوگ اس کے لئے ذمہ دار تھے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت سپریم کورٹ میں یکم ستمبر کو ہوگی ۔ اس کے بعد بدھ کی شام کو کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے راہل گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا۔ دگ وجے سنگھ نے کئی ٹویٹس کے ذریعے کہا کہ ‘آر ایس ایس پر راہل گاندھی نے یو ٹرن نہیں لیا۔ انہوں نے جو کہا تھا وہ اس پر قائم ہیں، جس نے مہاتما گاندھی کا قتل کیا وہ آر ایس ایس سے ہی تھا۔ یہ نفرت اور تشدد کا نظریہ ہے ، جس نے مہاتما گاندھی کا قتل کیا۔